باجی پورہ :19 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) کانگریس صدر راہل گاندھی نے جمعہ کو کہا کہ ان کی پارٹی کی کم سے کم آمدنی منصوبہ ( نیائے) معیشت میں نئی جان ڈالنے میں مدد کرے گا اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرے گی، جو نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی مار جھیل ر ہا ہے ۔ راہل نے یہا ں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے 'چوکیدار چور ہے ‘ کا طنز کیا ۔انہوں نے الزام لگایا کہ مودی نے رافیل لڑاکا طیارے سودے میں کاروباری انل امبانی کو 30 ہزار کروڑ روپے دیئے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ہم نے کم سے کم آمدنی منصوبہ کے تحت غریبوں کو 72 ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا، جو ملک میں غریبوں کی معاشی حالت کو بدل کر رکھ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ’ نیائے‘ لوک سبھا انتخابات کے لئے کانگریس کے منشور کی ایک اہم ترجیح ہے اور یہ منصوبہ پارٹی میں مشاورت کے بعد مرتب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاہے کہ مودی نے 2014 میں لوگوں کو 15 لاکھ روپے دینے کا جھوٹا وعدہ کیا تھا لیکن کانگریس 3. 60 لاکھ روپے (پانچ سال میں کل متوقع رقم) ضرور دے گی۔ انہوں نے فرانس کے ساتھ ہوئے رافیل سودے میں بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ چوکیدار امبانی کو 30 ہزار کروڑ روپے دے ڈالے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس پارٹی مرکز میں اقتدار میں آئی تو قرض نہیں چکا پانے پر کوئی کسان جیل نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اقتدار میں آنے پر کرناٹک، مدھیہ پردیش، پنجاب، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں کسانوں کے قرض معاف کردیئے گئے ۔ کانگریس صدر نے یہاں باردولی ضلع میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ کہا۔ یہاں سے کانگریس کے امیدوار تشار چودھری ہیں۔ غور طلب ہے کہ گجرات میں تمام 26 سیٹوں پر ایک ہی مرحلے میں 23 اپریل کو پولنگ ہوگی ۔